بھٹکل،20؍ اکتوبر (ایس او نیوز) سپریم کورٹ کے فیصلے مطابق اب ریاست کرناٹکا میں دو پہیہ گاڑیوں کی پچھلی سیٹ پر سوار فرد کے لئے بھی ہیلمیٹ پہننا لازمی ہوگا۔ اور اگر اس قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر جرمانہ لگانے کے علاوہ گاڑی چلانے والے کا لائسنس کم از کم ۳ مہینے کے لئے معطل کردیا جائےگا۔یاد رہے کہ نئے قانون کے مطابق 4سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے بھی ہیلمیٹ پہننا لازمی ہوگا۔
سڑکوں پر گاڑیاں چلانے والوں کی حفاظت کے نقطہ نظر سے سپریم کورٹ کی ایک کمیٹی نے اپنے فیصلے میں موٹر وہیکل ایکٹ 1988کی شق 194Tکے تحت جرمانہ اور لائسنس معطل کرنے کی سزا دینے کی ہدایت ریاستی حکومتوں کودی ہے۔ اس پس منظر میں ریاستی چیف سیکریٹری نے نئی سزا لاگو کرنے کے تعلق سے تمام روڈ ٹرانسپورٹ افسران (آر ٹی او) کے نام ہدایات جاری کر دی ہیں۔اور انہیں اس معاملے میں کیے گئے اقدامات اور خلاف ورزیوں کے درج کیے معاملات کی تعداد پر مبنی رپورٹ بھیجنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نیا قانون نہیں ہے بلکہ پرانے قانون کی دفعات کو سختی کے ساتھ لاگو کرنے کی ہدایات ہیں ۔ ان ہدایات کے مطابق بغیر ہیلمیٹ کے موٹر بائک سواری کرنے والوں کو ایک 1,000روپے اور بغیر انشورنس والی گاڑی کے لئے 2,000روپے جرمانہ لگایا جائے گا۔